منگلورو ،10مارچ (ایس او نیوز) ریاستی بی جے پی کے صدر بی ایس ایڈی یورپا نے آج کہا کہ آئندہ ہونے والے لوک سبھا انتخابات کے لئے پارٹی امیدواروں کی فہرست 15مارچ سے پہلے جاری کی جائے گی۔ امیدواروں کے انتخاب سے متعلق پارٹی کے قومی صدر امیت شاہ کے ساتھ بات چیت ہوچکی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اگلے دو تین دنو ں میں کور کمیٹی کااجلاس ہوگا ۔ جس میں امیدواروں کی حتمی فہرست تیار کرکے مرکزی قیادت کو روانہ کی جائے گی ۔ 15مارچ سے قبل پہلی فہرست جاری کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ پارٹی کے موجودہ ارکان پارلیمان کو ٹکٹ دےئے جانے سے متعلق امیت شاہ کی ہدایت پر عمل کیاجائے گا ۔ انہو ں نے دعویٰ کیا کہ بی جے پی 22حلقوں میں کامیابی درج کرے گی۔
نامہ نگاروں سے انہوں نے کہا کہ آنجہانی امبریش کی بیوہ سما لتا پر ریاستی وزیر ایچ ڈی ریونا نے جو تنقید کی ہے ،اس کا جواب منڈیا کے عوام لوک سبھا انتخابات میں دیں گے ۔انہوں نے کہا کہ خواتین چاہے کسی بھی پارٹی میں ہوں ان پر نکتہ چینی کرنا درست نہیں ۔ سمالتا امبریش فلمی دنیا کی ایک نامور اداکار ہ ہی نہیں بلکہ امبریش کی بیوی بھی ہیں،ان پر تنقید کرنا ریونا کو زیب نہیں دیتا ۔
انہوں نے کہا کہ جے ڈی ایس کنبہ کی تہذیب ہی ایسی ہے کہ وہ اپنے خاندان کے علاوہ دیگر لیڈروں کی عزت نہیں کرتے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ منڈیا حلقہ سے سمالتا امبریش کی باہر سے تائید کرنی چاہئے ، یا پارٹی ٹکٹ دیاجانا چاہئے ، اس پر بھی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔ پارٹی سطح پر بحث کرکے اس ضمن میں مناسب فیصلہ کیا جائے گا۔